Saturday, September 23, 2006

امریکہ کے چار سو ارب پتی

 

امریکہ کے چار سو ارب پتی

امریکی جریدے فوربز کے مطابق اس وقت امریکہ میں چار سو ایسے کاروباری افراد ہیں جن کی ذاتی دولت کم از کم ایک ارب ڈالر ہے۔

جریدے کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ارب پتی تاجروں کی تعداد چار سو ہو گئی ہو۔

اس فہرست میں اول نمبر پر مائیکروسافٹ کے سربراہ بل گیٹس ہیں جنہوں نے یہ اعزاز تیرہویں سال بھی اپنے پاس ہی رکھا ہے۔ ان کے بعد وارن بوفٹ کا نمبر آتا ہے جو کہ اب اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے کافی مشہور ہیں۔

جوئے خانے یا کسینو اور ہوٹلوں کے مالک شیلڈن ایڈلسن پندرہویں نمبر سے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

شیلڈن ایڈلسن کی دولت میں بے پناہ اضافے کی وجہ ان کا چین کے جنوب مشرق میں مکاؤ کے جزیرے پر جوا خانہ کھولنا بتایا جاتا ہے۔ اس علاقے میں پہلے بہت جوا کھیلا جاتا ہے۔

پہلے دس میں سے چار اشخاص ایسے ہیں جو کہ وال مارٹ کے مالک والٹن خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

فوربز کے مطابق شیلڈن گزشتہ دو برسوں سے ایک ملین ڈالر فی گھنٹہ کما رہے ہیں۔

اس کے علاوہ سرچ انجن گوگل کے بانی سرجے برِن اور لیری پیج بھی بارہ ارب ڈالر سے زیادہ کے مالک ہیں اور ارب پتیوں میں سب سے تیزی سے پیسے کمانے والوں کی لسٹ میں آ گئے ہیں۔

ایپل کمپیوٹرز کے چیف ایگزیکیوٹیو سٹیو جوبز 4.9 ارب ڈالر کے ساتھ انچاسویں نمبر پر ہیں۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکہ میں چار سو امیر آدمیوں کی فہرست بنانے کے لیئے کم از کم دولت کو ایک ارب رکھا گیا۔ اس سے قبل یہ نو سو ملین ڈالر تھی۔

ان چار سو ارب پتیوں میں سے نوے کیلیفورنیا میں جبکہ چوالیس نیو یارک میں رہتے ہیں۔

No comments: