رضا ہمدانی
واہگہ بارڈر
پاکستان اور بھارت نے اکٹھے آزادی حاصل کی لیکن دونوں ملکوں میں فوجی سربراہوں کی تعداد میں واضح فرق ہے
جنرل اشفاق پرویز کیانی پاک فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے پر پاکستان کے چودھویں آرمی چیف ہوں گے۔ اگرچہ پاکستان اور بھارت نے اکٹھے آزادی حاصل کی لیکن بھارت میں آج کل تئیسویں آرمی چیف عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے قیام کے بعد پاک فوج کے سب سے پہلے سربراہ جنرل سر فرینک والٹر میزوری تھے جو پندرہ اگست انیس سو سینتالیس سے دس فروری انیس سو اڑتالیس تک اس عہدے پر فائز رہے۔
گیارہ فروری انیس سو اڑتالیس کو جنرل سر ڈگلس ڈیوڈ گریسی آرمی چیف کے عہدے پر فائز ہوئے۔ ان کا تعلق فرسٹ گورکھا یونٹ سے تھا۔ وہ اس عہدے پر سولہ جنوری انیس سو اکاون تک رہے۔
سولہ جنوری انیس سو اکاون کو پنجاب رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے جنرل محمد ایوب خان نے پاک فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا۔ ایوب خان اس عہدے سے چھبیس اکتوبر انیس سو اٹھاون کو مستعفی ہوئے۔
جنرل محمد موسیٰ خان ستائیس اکتوبر انیس سو اٹھاون کو آرمی چیف بنے۔ ان کا تعلق فرنٹیر فورس رائفلز سے تھا۔ وہ اس عہدے پر سترہ جون انیس سو سرسٹھ تک فائز رہے۔
اٹھارہ جون انیس سو سرسٹھ کو جنرل آغا محمد یحییٰ خان قزلباش نے آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے تھا اور وہ اس عہدے پر بیس دسمبر انیس سو اکہتر تک فائز رہے۔
پاک فوج کے چھٹے سربراہ جنرل گل حسن خان تھے جنہوں نے بیس دسمبر انیس سو اکہتر کو عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق آرمرڈ کور سے تھا۔ جنرل گل حسن اس عہدے پر تین مارچ انیس سو بہتر تک فائز رہے۔
پنجاب رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے جنرل ٹکا خان نے تین مارچ انیس سو بہتر کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا۔ وہ اس عہدے پر یکم مارچ انیس سو چوہتر تک فائز رہے۔
یکم مارچ انیس سو چہتر کو جنرل محمد ضیا الحق نے پاک فوج کے آٹھویں سربراہ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق آرمرڈ کور سے تھا۔ وہ اس عہدے پر سترہ اگست انیس سو اٹھاسی تک فائز رہے۔
جنرل محمد ضیا الحق کی حادثے میں ہلاکت کے بعد جنرل مرزا اسلم بیگ نے سترہ اگست انیس سو اٹھاسی کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے تھا اور وہ اس عہدے پر سولہ اگست انیس سو اکانوے تک فائز رہے۔
جنرل آصف نواز جنجوعہ نے سولہ اگست انیس سو اکانوے کو بطور آرمی چیف عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق پنجاب رجمنٹ سے تھا اور ان کی طبی موت آٹھ جنوری انیس سو ترانوے کو واقع ہوئی جب وہ آرمی چیف کے عہدے پر فائز تھے۔
گیارہ جنوری انیس سو ترانوے کو جنرل عبدالوحید کاکڑ نے بطور گیارہویں آرمی چیف عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق فرنٹیر فورس رجمنٹ سے تھا۔ وہ اس عہدے پر یکم دسمبر انیس سو چھیانوے تک فائز رہے۔
یکم دسمبر انیس سو چھیانوے کو جنرل جہانگیر کرامت نے پاک فوج کے سربراہ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق آرمرڈ کور سے تھا۔ ان کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چھ اکتوبر انیس سو اٹھانوے کو برطرف کیا۔
چھ اکتوبر انیس سو اٹھانوے کوجنرل پرویز مشرف نے پاکستان کے موجودہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا۔ ان کا تعلق آرٹلری سے ہے۔
No comments:
Post a Comment