Friday, December 15, 2006

ختنے ایڈز سے بچاتے ہیں: رپورٹ

نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مردوں کے لیے ختنے ایڈز سے بچاؤ کا موثر ذریعہ ہو سکتے ہیں۔ یہ تحقیق فرانس کی ایک ایجنسی نے کی جس میں جنوبی افریقہ میں تین ہزار مردوں نے حصّہ لیا۔

تحقیق کے دوران حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ختنوں کے ذریعے دس میں سے سات مرد ایڈز سے محفوظ رہتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک کانفرنس میں پیش کیے گئے۔

اقوام متحدہ کی صحت کے بارے میں کام کرنے والی ایجنسیوں نے کہا ہے کہ ختنوں کو ایڈز سے بچاؤ کے مؤثر طریقے کے طور پر پیش کرنے سے پہلے اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ریو ڈی جنیرو میں بی بی سی کے نامے نگار نے بتایا کہ اگر مزید تحقیق کے بعد بھی ایسے ہی نتائج سامنے آئے تو کنڈوم کے ساتھ ساتھ ختنوں کو بھی ایڈز سے بچاؤ کی ترکیب کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔

اس سے پہلے بھی کئی بار تحقیق کے بعد کہا جا چکا ہے کہ جن مردوں کے ختنے ہوتے ہیں ان کو ایڈز کی بیماری لگنے کا امکان کم ہوتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ ختنوں میں جو کھال کاٹی جاتی ہے اس پر جسم کے باقی حصے کی نسبت ایڈز آسانی سے اثر کرتی ہے۔ اس لیے ختنوں کے بعد ایڈز کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

ختنوں کے اثرات جاننے کے لیے یوگنڈا اور کینیا میں مزید تجربات ہو رہے ہیں۔

بی بی سی کی نامہ نگار نے بتایا کہ اس تحقیق سے ختنے ایڈز کے خلاف مؤثر ثابت ہو بھی گئے تو اس عمل کو وسیع پیمانے پر متعارف کروانا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ختنوں کا محفوظ طریقہ متعارف کروانا اور مختلف معاشروں میں اس کے بارے میں رویہ تبدیل کرنا آسان نہیں ہوگا۔

 

No comments: